گوادر میں کشتی ڈوبنے سے قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں

 گوادر کے ساحلی علاقے کے قریب کھلے سمندر میں کشتی الٹنے سے 5 ماہی گیر جان کی بازی ہار گئے، جن کی میتیں کراچی منتقل کر دی گئی ہیں۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق، حکام نے بتایا کہ یہ کشتی کراچی سے روانہ ہوئی تھی اور گہرے سمندر میں جا کر حادثے کا شکار ہو گئی۔



حادثے کی اطلاع ملتے ہی قریبی ماہی گیر فوری طور پر موقع پر پہنچے اور ایک ماہی گیر کو زندہ بچا لیا۔
ایک سرکاری اہلکار کے مطابق، کشتی میں کل 6 ماہی گیر سوار تھے، جن میں سے 5 کی لاشیں ریسکیو ٹیموں اور مقامی ماہی گیروں نے نکال لیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں ایک ماہی گیر کا تعلق علی اکبر شاہ گوٹھ، ابراہیم حیدری سے تھا، جس کی نمازِ جنازہ اتوار کو بعد نمازِ ظہر ادا کی گئی۔
ڈان نیوز نے اطلاع دی ہے کہ 2 میتیں سہراب گوٹھ کے ایدھی سرد خانے منتقل کی گئی ہیں جنہیں بعد ازاں مچھر کالونی لے جایا جائے گا، جبکہ دیگر 2 میتیں ابراہیم حیدری منتقل کی جا رہی ہیں۔