ملتان میں رکشہ ڈرائیور کے بیٹے نے میٹرک امتحان میں پورے۔ملک کو حیران کر دیا

ملتان / مانیٹرنگ ڈیسک: اگر انسان میں محنت اور عزم موجود ہو تو محدود وسائل کے باوجود بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ ایسا ہی ایک متاثرکن واقعہ ملتان تعلیمی بورڈ کے نتائج میں سامنے آیا، جہاں ایک رکشہ ڈرائیور کے بیٹے محمد احمد نے آرٹس گروپ میں 1161 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

محمد احمد کا تعلق بورے والا کے ایک دیہی علاقے سے ہے۔ انہوں نے مدرسہ جامعہ حنفیہ سے میٹرک کا امتحان دیا اور اپنی لگن و محنت سے آرٹس گروپ میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ان کے والد محمد افضل، جو خود تعلیم یافتہ نہیں اور رکشہ چلا کر گزر بسر کرتے ہیں، کا خواب تھا کہ ان کا بیٹا تعلیم حاصل کرکے ان کا نام روشن کرے۔



محمد احمد نے اپنی کامیابی کے بعد بتایا کہ وہ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، لیکن ان کے والد نے نہ صرف مالی معاونت کی بلکہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی۔ محمد افضل کا کہنا تھا کہ وہ خود تو تعلیم حاصل نہ کر سکے، مگر یہ دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ان کا بیٹا پڑھ لکھ کر ان کا خواب پورا کر رہا ہے۔