چکوال میں موسلادھار بارش نے ریکارڈ قائم کر دیا

چکوال/ مانیٹرنگ ڈیسک:  کوال، کلر کہار، وہالی زیر، اور چوآسیدن شاہ جیسے علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث ریکارڈ توڑ بارشیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ سیلابی خطرے کے پیش نظر چکوال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، اور ضلعی انتظامیہ نے پاک فوج سے مدد لینے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ افسوسناک طور پر کھیوال میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص اور بچہ جاں بحق جبکہ خاتون اور بچی زخمی ہوئیں۔

دوسری جانب پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق چکوال میں حالیہ بارش کا ریکارڈ سب سے زیادہ رہا، جہاں للیاندی میں 423 ملی میٹر، وہالی زیر میں 351 ملی میٹر، اور چوآسیدن شاہ میں 330 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ریسکیو ادارے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بلال بن حفیظ نے اسپیشل فورسز کی شمولیت کو اہم قرار دیا ہے۔ پنجاب بھر میں بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں مجموعی طور پر 28 افراد جاں بحق اور 90 زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر ہلاکتیں لاہور اور فیصل آباد سے رپورٹ ہوئیں۔