بھارت اور بنگلہ دیش کے کرکٹ تعلقات شدید خراب ہو گئے

 بھارتی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق بھارتی حکومت نے کرکٹ بورڈ کو ہدایت دی ہے کہ وہ بنگلہ دیش کا دورہ ملتوی کر دے۔ رپورٹس کے مطابق، بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث مودی حکومت نے سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی تناظر میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی بھارتی ٹیم کے خلاف شیڈول سیریز کے میڈیا رائٹس کی فروخت روک دی ہے۔



بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ براڈ کاسٹرز کو پہلے ہی مطلع کر دیا گیا ہے کہ یہ سیریز اب نہیں ہوگی۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ ابھی سیریز کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا، جبکہ بی سی سی آئی نے آگاہ کیا ہے کہ بھارتی ٹیم کے لیے اگست میں دورہ کرنا ممکن نہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جلد ہی اس دورے کی منسوخی کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے 17 سے 31 اگست تک 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنی تھی۔