دکی میں افسوسناک واقعہ: ندی میں کھیلتی چار کم عمر بہنیں ڈوب کر جاں بحق

 کوئٹہ کے قریب ضلع دکی کے علاقے انمبار ندی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں کھیلتے ہوئے چار کم عمر بہنیں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق یہ بچیاں گزشتہ روز اپنے والدین کے ساتھ ندی کنارے کپڑے دھونے گئی تھیں۔ بدقسمتی سے وہ کھیلتے ہوئے پانی میں گر گئیں اور ڈوب گئیں۔ تمام بچیوں کی لاشیں ایک دن بعد ندی سے نکال لی گئیں۔



جاں بحق ہونے والی بچیوں کی عمریں 5 سے 11 سال کے درمیان تھیں۔ اس واقعے نے علاقے میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم کر دی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ژوب میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ پیش آ چکا ہے جہاں دو خواتین ڈیم میں ڈوب گئیں، جن میں سے ایک کو زندہ بچا لیا گیا تھا جبکہ دوسری جانبر نہ ہو سکی۔


واضح رہے کہ رواں مون سون کے موسم میں بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں شدید بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات دیکھنے میں آئے ہیں۔ بلوچستان میں اب تک 16 افراد سیلابی ریلوں کی نذر ہو چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی وارننگ جاری کی ہوئی ہے جس میں ندی نالوں کے کنارے رہنے والے افراد اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ اس قسم کے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔