پاکستانی کرکٹر کی موت کی پیشگوئی؟ وائرل دعویٰ سمپسنز کارٹون سے منسوب، حقیقت کیا ہے

 سوشل میڈیا پر ایک حیران کن دعویٰ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مشہور اینی میٹڈ سیریز سمپسنز نے ایک معروف پاکستانی کرکٹر کے کار حادثے میں جاں بحق ہونے کی پیشگوئی کی تھی۔ اس پوسٹ کے ساتھ ایک فرضی اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا جا رہا ہے، جس میں لکھا ہے:



"یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ پاکستان کے عظیم کرکٹرز میں سے ایک کار حادثے میں چل بسا۔ دنیا بھر کے شائقین افسوس میں ڈوبے ہوئے ہیں... مگر کیا یہ واقعی حادثہ تھا؟ یا کچھ اور؟ سمپسنز نے تو خبردار کر دیا تھا، مگر کسی نے یقین نہ کیا!"

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس جعلی تصویر میں کسی کرکٹر کا نام واضح طور پر نہیں دیا گیا، تاہم کئی صارفین نے تبصروں میں محمد رضوان، شاداب خان اور بابر اعظم جیسے معروف کھلاڑیوں کے ناموں کا ذکر کیا ہے، جس سے شکوک و شبہات مزید بڑھ گئے ہیں۔

سمپسنز ماضی میں کئی حیران کن "پیشگوئیوں" کی وجہ سے مشہور رہا ہے، جیسے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت، کورونا وائرس، اور ڈزنی کا فاکس کو خریدنا۔ یہی وجہ ہے کہ جب اس سیریز سے منسوب کوئی دعویٰ سامنے آتا ہے تو لوگ بآسانی اس پر یقین کر لیتے ہیں۔

لیکن اصل حقیقت کیا ہے؟

تحقیقات سے واضح ہوا ہے کہ سمپسنز کی اب تک کی 35 سیزنز اور 750 سے زائد اقساط میں ایسا کوئی سین، منظر، اسکرپٹ یا کلپ موجود نہیں جس میں کسی پاکستانی کرکٹر کی کار حادثے میں موت کی پیشگوئی کی گئی ہو۔ نہ ہی سیریز کے کسی مصنف، پروڈیوسر یا آفیشل پلیٹ فارم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تصدیق ہوئی ہے۔
یعنی سوشل میڈیا پر گردش کرتا یہ دعویٰ مکمل طور پر بے بنیاد، گمراہ کن اور جھوٹی معلومات پر مبنی ہے۔