بھارتی سرکار نے رافیل سمیت چار طیارے گرائے جانے کا اعتراف کر لیا

 آپریشن سندور میں ہونے والے جانی نقصان کو ابتدا میں چھپانے کے بعد اب شدید اندرونی دباؤ کے باعث بھارتی فوج نے مرنے والے اہلکاروں کو فوجی اعزازات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق، اس خفیہ کارروائی کے دوران بھارتی افواج کو غیر معمولی جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، جسے بھارتی حکومت اور فوج نے طویل عرصے تک عوام سے چھپائے رکھا۔ تاہم جب مرنے والے اہلکاروں کو اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا تو اُن کی ہلاکتوں کا اعتراف بھی مجبوری کے تحت سامنے آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تصدیق شدہ اطلاعات کے مطابق صرف لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کے 250 سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے۔ ان میں بھارتی فضائیہ کے 4 پائلٹس، جن میں سے 3 رافیل طیارے اُڑانے والے تھے، اور آدم پور ائیربیس پر مارے گئے ایس 400 دفاعی نظام کے 5 آپریٹرز بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اُدھم پور ائیربیس اور اس کی ایئر ڈیفنس یونٹ پر ہلاک ہونے والے 9 اہلکاروں کو بھی اعزازات دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔ ایوی ایشن بیس راجوڑی میں مارے گئے 2 اہلکار اور اڑی سپلائی ڈپو کے او سی سمیت 4 دیگر فوجیوں کے نام بھی اعزازی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔



ذرائع مزید بتاتے ہیں کہ بھارتی فوج کے اعلیٰ حکام ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں پر یہ دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ اپنے پیاروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔
یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ بھارتی حکومت اور فوج اپنے شدید نقصانات کو چھپاتی آئی ہے، خصوصاً پٹھان کوٹ اور اُدھم پور بیس پر ہونے والے حملوں کی حقیقت کو بارہا جھٹلایا گیا۔ اب جبکہ اندرونی سطح پر شدید دباؤ ہے تو مرنے والوں کو اعزازات دے کر ان ہلاکتوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، پاکستان کی جانب سے پے در پے مؤثر کارروائیوں کے بعد بھارت کو سیز فائر پر آمادہ ہونا پڑا۔