کراچی:سری لنکا نے پہلے ون ڈے میچ میں بنگلا دیش کو 77 رنز سے شکست دے دی۔ مہمان ٹیم کا حال یہ رہا کہ صرف 5 رنز کے مجموعے پر اس کی 7 وکٹیں گر گئیں، جس کے بعد میچ پر گرفت قائم رکھنا ممکن نہ رہا۔
کولمبو میں کھیلے گئے اس مقابلے میں سری لنکن ٹیم نے بنگلا دیش کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا تھا۔ آغاز میں بنگلا دیش نے بہتر بیٹنگ کی اور 100 کے اسکور پر صرف دو وکٹیں گنوائیں، لیکن اس کے بعد بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 105 رنز پر 8 وکٹیں کھو چکی تھی۔ اس موقع پر ذاکر علی نے مزاحمت کی اور 64 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیل کر کچھ دیر امید قائم رکھی، لیکن فتح نہ دلا سکے۔
میچ کے بعد فاسٹ بولر تسکین احمد نے کہا کہ 17ویں اوور میں نجم الحسین شانتو کا رن آؤٹ ہونا اور اگلے اوور میں دو وکٹیں گر جانا ہی وہ لمحہ تھا جہاں سے میچ مکمل طور پر سری لنکا کے حق میں چلا گیا۔