دھرما سینا نے ایک اور متنازع اشارہ دے دیا، بھارتی کرکٹ فینز آگ بگولہ

لندن / مانیٹرنگ ڈیسک: سری لنکا کے سابق آف سپنر اور موجودہ انٹرنیشنل کرکٹ امپائر کمار دھرما سینا انگلینڈ اور بھارت کے مابین کھیلے جا رہے پانچویں ٹیسٹ میچ میں ایک متنازع اشارے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئے ہیں ۔  


دھرما سینا کے اشارے نے انگلینڈ کو ایک غلط ریویو لینے سے بچا لیا۔  انگلش باؤلر یوش ینگ کی ایک تیز رفتار ان سوئنگ گیند بھارتی بلے باز سائی سدھارسن کے پیڈ پر جا لگی۔ سدھارسن گیند کی سوئنگ اور رفتار کی وجہ سے بلا نیچے لاتے ہوئے توازن کھو بیٹھے اور گر بھی گئے ۔ انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کی لیکن دھرما سینا نے نہ صرف بھارتی بلے باز کو ناٹ آؤٹ قرار دیا بلکہ  دونوں ہاتھوں کی شہادت کی انگلیوں کو جوڑ کر ہلکا سا اشارہ بھی دیا کہ گیند نے پیڈ پر لگنے سے پہلے بلے کا کنارہ لیا ہے۔  کمار دھرما سینا کے اس عمل پر بھارتی کرکٹ فینز سیخ پا ہو گئے ۔ ایک سوشل میڈیا مداح نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ' اب نے اشارہ کیوں دیا۔ پندرہ سیکنڈ کا وقت تھا ۔ انگلینڈ کو ریویو لینے دیتے۔ اسی طرح ایک آور صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ دھرما سینا کی انگلینڈ ٹیم کو مدد فراہم کرنے کی تاریخ بہت پرانی ہے ۔ 
واضح رہے کہ یہ وہی دھرما سینا ہیں جو ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں امپائرنگ کر رہے تھے کہ میچ کے ایک انتہائی اہم موڑ پر باؤنڈری سے ایک تھرو آئی جو  بیٹنگ اینڈ کی طرف بھاگتے ہوئے بلے باز بین سٹوکس کے بیٹ سے جا ٹکرائی اور اس ٹکرانے کی وجہ سے گیند باؤنڈری لائن کے باہر چلی گئی ۔ دھرما سینا نے پانچ رنز کا متنازعہ اشارہ دے دیا ۔اس طرح انگلینڈ کی یقینی شکست فتح میں بدل گئی تھی اور انگلینڈ عالمی چیمپئن بن گیا تھا۔